Sunday, October 18, 2020

محسن ساحل کو 'جھیل کے اس پار ساہتیہ منچ' کی جانب سے اعزاز

 محسن ساحل کو 'جھیل کے اس پار ساہتیہ منچ' کی جانب سے اعزاز


ممبئ میں مقیم شاعر وادیب، معیارایسوسی ایشن کے صدر اور بی ایم سی آن لائن ایجوکیشن پروگرام میں سی این او کی خدمات انجام دینے والے متحرک معلم محسن ساحل کو ان کی ادبی و تعلیمی خدمات کے لیے 'جھیل کے اس پار ساہتیہ منچ' کی جانب سے اعزاز پیش کیا گیا.

'جھیل کے اس پار ساتیہ منچ' کی جانب سے ہندوستانی زبانوں کی تبلیغ و ترویج کے ساتھ ساتھ بچوں میں ادب کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے نیز ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے اس منچ کے بانی، بالیوڈ فلم اداکار اور ہندی ڈراموں کی مشہور شخصیت ' ہیم پشپک ارورا' اور ہندی زبان کی مترجم و ریسرچ اسکالر ان کی شریک حیات روچی ارورا نے اپنی ٹیم کےتعاون سے جماعت اول تا دہم کے طلباء کے لیے بنام' ننھی جھیل' قومی سطح کا ادبی ورکشاپ منعقد کیا. اس ورکشاپ میں ہندی، اردو، مراٹھی اور دیگر ہندوستانی زبانوں میں تعلیم حاصل کر رہے طلبا نے شرکت کی. بچوں نے شرائط کے مطابق اپنی شعری تخلیقات پیش کیں. بہترین تخلیقات کا انتخاب کرکے فاتحین کو اعزازات اور نقد رقم سے نوازا گیا.

محسن ساحل اس مقابلے کی کور کمیٹی کے رکن ہیں. انھوں نے گاہے بگاہے طلباء کی ادبی رہنمائی کی. اس لیے ان کی بہترین کارکردگی پر ' جھیل کے اس پار' کی جانب سے انھیں اعزاز سے نوازا گیا. محسن ساحل کو اعزاز پیش کرنے کے لیے' جھیل کے اس پار ساہتیہ منچ' کی ٹیم ' گایک رفیع نگر میونسپل اردو اسکول گوونڈی' پہنچی. صدر مدرسہ فریدہ سالم، اسکول انچارج محمد سعید اور دیگر اساتذہ کی حاضری میں یہ اعزاز محسن ساحل کو دیا گیا. بیٹ آفیسر عارفہ شیخ، اسکول کی صدرمدرسہ اور جملہ اسٹاف نے محسن ساحل کو مبارکباد دی اور ہیم پشپک ارورا جی کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے اس کام کے لیے ایک قابل معلم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے.


منجانب: معیار میڈیا