Thursday, July 8, 2021

'Abr-e-Rehmat' : Shah Taj Khan

 ابرِ رحمت


 شاہ تاج، پونے


شاہ تاج خان


بادلوں میں بنتی بگڑتی تصویروں کو دیکھنا۔۔۔کبھی بھوت کی ڈراؤنی شکل بنانا اور پھر فوراً اُسے مٹا دینا۔۔۔یہ میرا پسندیدہ شوق ہے۔میں گھنٹوں بادلوں کے ساتھ کہانیاں بننے میں مصروف رہتا ہوں۔پریاں تو ہر وقت میرے ساتھ ساتھ چلتی  ہیں۔۔۔لیکن آج  سائنس کی اُستاد نے میری ساری کہانیوں اور پریوں کو زمین پر لاکر پٹک دیا۔۔۔ڈانٹ کھائی سو الگ۔۔۔۔ہوا یوں کہ جب آہوجا میڈم نے کہا کہ" آپ لوگ بادلوں کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟" تو میں نے بقراطیت جھاڑتے ہوئے کہا کہ" میں بادلوں کے بارے میں بہت سی باتیں جانتا ہوں۔" 

پہلے تو میڈم خوش ہوئیں۔۔۔لیکن میری تخیل کی اُڑانوں کی باتیں سن کر ڈانٹتے ہوئے کہا کہ" یہ سائنس کی کلاس ہے ادب کی نہیں۔۔۔"

کوئی مجھے بتائے کہ "بادل تو وہی ہیں۔۔۔یہ سائنس کی کلاس میں الگ اور لٹریچر کی کلاس میں الگ کیسے ہو جاتے ہیں۔۔؟" لیکن میں نے کچھ کہا نہیں۔۔۔اپنا منہ بند کیا۔۔سر نیچے اور بادلوں کی سائنسی معلومات کی جانب متوجہ ہونے کی کوشش کرنے لگا۔

" پانی ہماری زندگی کی اہم ضروریات میں سے ایک ہے۔اس کے بنا زندگی کا تصور ممکن نہیں۔۔۔۔زمانہ قدیم میں بھی تہذیب و تمدن کی جو نشانیاں ہمیں ملتی ہیں وہ آبی ذخائر کے قرب و جوار میں ہی بسائی گئی تھیں۔" میڈم کی بات پر میں حیران تھا کہ یہ تو سائنس کی کلاس ہے تو تاریخ ( history) کیوں پڑھا رہی ہیں۔۔۔؟میرا غصّہ ابھی تک کم نہیں ہوا تھا۔۔۔ 

میڈم آگے بول رہی تھیں۔۔۔"یہ تو آپ سب بہ خوبی جانتے ہیں کہ سمندر،دریا،ندیاں،جھیلیں اور نہروں وغیرہ میں پانی اکٹھا ہوتا ہے اور پھر ہم اُسے استعمال کرتے ہیں۔۔۔ان ذخائر سے پانی جب بھاپ بن کر اُڑتا ہے۔۔۔تب یہی بادل پانی کو ساتھ لے کر اس کی ترسیل کا ذمّہ سنبھالتے ہیں۔۔۔" یہ تو میں بھی جانتا ہوں۔۔۔تپتی زمین پر جب بارش کی بوندیں پڑتی ہیں تو وہ خوشبو۔۔۔۔کیا کہوں۔۔۔!( بیچ بیچ میں میرا ذہن بادلوں کی سیر کرنے نکل جا رہا تھا۔۔۔)میں پھر سائنس کی کلاس میں دماغ کو کھینچ کر لاتا۔۔۔

" عام طور پر بادل دس طرح کے ہوتے ہیں۔" میڈم نے کہا

( ارے مجھے تو یہ معلوم ہی نہیں تھا۔۔۔ اب میرا تجسس کلبلانا شروع ہوا۔۔۔۔)

" جنہیں تین حصوں میں منقسم کیا جاتا ہے۔پہلا ( high level)بلندی یا اعلیٰ سطح دوسرا (mid level) درمیانی سطح اور تیسرا (low level) نچلی سطح۔۔۔!"

عذرا نے سوال کیا ۔۔۔۔" ہم ان تین سطحوں کو کس طرح یاد کریں جیسے۔۔۔کوئی فٹ یا میٹر میں ہم اسے ناپ سکتے ہیں۔۔؟" یہ جو عذرا ہے نہ۔۔۔ہماری کلاس کی ٹوپر ہے۔۔اسے تو بولنا ہی تھا۔۔۔(میں اپنے دل ہی دل میں لگاتار باتیں کر رہا تھا۔۔۔)

" جی عذرا۔۔۔۔لو لیول کے بادل سطح زمین سے تقریباً ۶۵۰۰ فٹ تک کی دوری پر موجود رہتے ہیں۔۔۔مڈ لیول بادل ۶۵۰۰ فٹ سے لےکر ۲۰۰۰۰ فٹ تک کی بلندی پر ہوتے ہیں۔۔۔ ہائی لیول کے بادل ۲۰۰۰۰ فٹ سے زیادہ اونچائی پر موجود ہوتے ہیں۔"ندیم کیسے چُپ رہتا۔۔۔۔اُس نے بھی سوال پوچھا۔۔بتا دوں یہ اور عذرا۔ ۔۔ ان دونوں میں ٹاپ کرنے کے لئے جنگ چھڑی رہتی ہے۔۔۔اور ایک میں ہوں۔۔خیر۔۔میری بات چھوڑو۔ اور میں اس عقلمند کا سوال سننے لگا۔۔۔

"آپ نے کہا تھا کہ دس طرح کے بادل ہوتے ہیں۔ ! اُن کے نام کیا ہیں ۔۔,۔؟" بندے کی بات میں دم ہے۔ ۔اتنی دیر سے میڈم بادلوں کے متعلق بات کر رہی ہیں اور ہمیں بادلوں کے نام ہی نہیں معلوم۔ ۔! میں نے ندیم کو دل ہی دل میں شاباشی دی۔۔

" جی ندیم۔۔۔! ہر بادل کا ایک نام ہے۔میں بورڈ پر لکھتی ہوں۔۔۔ spellings  غلط نہ ہو ں اس کا خیال رکھیے گا۔ ۔۔" سبھی نے کاپی اور قلم سنبھال لیے۔میڈم نے نام لکھنا شروع کیا 

"Altocumulus،Altostratus،Cirrocumulus،Cirrostratus،Cirrus،Cumulonimbus، Cumulus، Nimbostratus Stratocumulus،Stratus" 

( نام پڑھنے کے بعد تو میرے ہوش  ہی اُڑ گئے۔۔۔یہ نام یاد کرکے ایک دم صحیح امتحان میں لکھنا میرے لئے ناممکن ہے۔۔۔) میڈم آگے بھی کچھ بول رہی تھیں۔۔۔

" ہم بادلوں کو اُن کی شکل و صورت کی بنیاد پر پہچان سکتے ہیں۔ابھی آپ صرف اتنا سمجھ لیجئے کہ کچھ بادل پتلے،تو کچھ کافی پھو لے ہوئے ہوتے ہیں۔۔۔کچھ کالے تو کچھ سفید۔اور ہاں کچھ بادل رنگین بھی ہوتے ہیں۔۔۔۔"

مجھے تو بس ہر طرف بادل ہی بادل گھومتے محسوس ہو رہے تھے۔میڈم اب کچھ بادلوں کی خصوصیات بیان کر رہی تھیں۔۔۔میں نے سوچا۔۔۔" بیٹا کچھ تو سمجھ لو۔۔۔ورنہ۔۔بادلوں میں ہی گھومتے رہ جاؤگے۔۔

" میں کچھ بادلوں کے بارے میں بتاتی ہوں۔ ۔۔ cumulus بادل ہر روز صبح نظر آتے ہیں اور شام تک غائب ہو جاتے ہیں۔یہ کچھ کچھ پھول گوبھی سے مشابہ ہوتے ہیں۔خیال رہے کہ یہ لو لیول پر یعنی ہمارے قریب ہوتے ہیں۔"

میڈم تھوڑا رکیں تو صائمہ نے بھی سوال پوچھ ہی لیا۔۔(۔یہ ٹاپ پوزیشن کے دعوے داروں کو زبردست ٹکر دیتی ہے۔)

" میڈم۔۔! تیز بارش کے بادلوں کی کوئی شناخت بتائیے۔۔؟" 

(صحیح پوچھا۔۔کم سے کم ہمیں اسکول آنے سے پہلے یہ تو معلوم ہو جائے کہ آج چھتری لے کر جانا ہے یا نہیں۔۔۔ میں نے پھر خود سے بات کی۔۔)

" بہت اچھا سوال کیا،صائمہ۔۔۔! Nimbostratus  موسلادھار بارش کے لئے زمہ دار ہوتے ہیں۔ گہرے اور کالے بادل۔۔۔۔ سورج اور اس کی روشنی کو بھی چھپا لیتے ہیں۔ان بادلوں سے سورج بھی جھانک نہیں پاتا۔یہ لو لیول پر ہوتے ہیں اور اتنا برستے ہیں کہ سب کچھ جل تھل کر دیتے ہیں۔۔۔" میڈم نے بات ختم کی لیکن صائمہ ایک بات اور معلوم کرنا چاہتی تھی۔۔ ۔

" میڈم۔۔۔بادلوں کی معلومات رکھنے والے ڈاکٹروں کو کیا کہتے ہیں؟" 

میڈم کو ہنسی آ گئی۔ انہوں نے بتایا۔۔" بادلوں کی معلومات رکھنے والوں کو Meteorologist                ماہر موسمیات  کہتے ہیں۔"

میں اپنی سوچ میں گم تھا کہ یہ سب ہمیں پڑھنے کی کیا ضرورت ہے۔۔؟،نہ جانے کب میڈم میرے پاس آگئیں اور انہوں نے پوچھا۔۔" اسد ۔۔اب بادلوں کی کون سی کہانی میں گُم ہو۔۔؟" اور پھر  ہمیشہ کی طرح مجھے ڈانٹ پلائی اور کلاس سے باہر کر دیا۔۔۔

No comments:

Post a Comment