Saturday, July 17, 2021

'Fikr Para' : Javed Nadeem

 فکرپارہ

جاوید ندیم




وہ بولا " جاوید ، اللہ نے بعض لوگوں کو عجیب صلاحیتوں سے نوازا ہے 

جس کی کوئی منطقی توجیہ نہیں کی جاسکتی 

مگر ہے حقیقت 

کچھ کو قیافہ شناسی کا ہنر بخشا 

کہ مقابل کے حُلیے، بشرے پر نظر پڑتے ہی 

اس کی شخصیت کی ساری پرتیں ان پر کھل جاتی ہیں ! "

" کچھ اپنے پاس آنے والے کے مدّعا کو 

بنا بتائے ہی بھانپ لیتے ہیں !

کچھ آدمی کے لاشعور کے محرکات تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں !

بعض زمینی فاصلوں کے باوصف 

دوسروں کے اذہان تک اپنی بات کی ترسیل پر قدرت رکھتے ہیں 

اور انکے خیالات کی تحصیل کی بھی !

اور مجھے اللہ نے یہ وصف بخشا ہے کہ میں 

کسی کو دیکھتے ہی یا اس کے بارے میں سوچ کر یہ جان لیتا ہوں 

کہ وہ میرے بارے میں کیا احساسات و خیالات رکھتا ہے 

میں جان جاتا ہوں کہ کس کے دل میں میرے لئے محبت کے جذبات ہیں 

اور کس کے دل میں بغض و حسد بھرا ہے

اور پھر اسی مناسبت سے میں اس سے معاملہ کرتا ہوں 

محب سے محبت کا اور حاسد سے احتیاط کا  ! "

اسکی بات سن کر میں نے کہا، ایسا تو میرے ساتھ بھی ہوتا ہے

وہ بولا " یقینا" ہوتا ہوگا کہ ایسا ہونا ممکن ہے ! "

اس نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا 

" کیا تونے کار ریزوں*  کے بارے میں نہیں سنا ؟

جو زمین پر چل کر ہی یہ بتا دیتے تھے کہ کس جگہ پانی موجود ہے 

اور کھدائی کے بعد زمین سے پانی کے سوتے پھوٹ پڑتے تھے 

یہ پُرانے وقتوں کے اکثر کنوئیں

انہیں کی عطائ صلاحیتوں کا ثمرہ ہیں ! " 

                                                      جاوید ندیم 


* کار  ریز : ( ۱)سطح زمین میں موجود پانی کی نشاندہی کرنے والا ( ۲) آب پاشی کے نظام کا ماہر

No comments:

Post a Comment